کورونا کے وار سنگین، ایک روز میں 101 جاں بحق، متاثرین ایک لاکھ 19 ہزار سے متجاوز
اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 834 کیسز اور مزید 101 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی اور ایس او پیز کی عدم پاسداری کے اثرات ملک میں اب واضح محسوس کیے جانے لگے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا ٹیسٹس کی استعداد کو بتدریج بڑھایا جارہا ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 573 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ 80 ہزار 825 ٹیسٹ لیے جاچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 834 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار 536 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 45 ہزار 463 کیسز رپورٹ ہوچکے۔ سندھ میں 43 ہزار 790، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 206، بلوچستان میں 7 ہزار 335، اسلام آباد میں 6 ہزار 236، آزاد کشمیر میں 488 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا سے متاثرہ 38 ہزار 391 مریض صحت یاب ہوچکے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 101 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد کُل اموات 2 ہزار 356 ہوگئیں۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 841 افراد جان کی بازی ہار چکے۔ سندھ میں 738، خیبر پختونخوا میں 619، اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 73 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔