امریکی خبر رساں ادارے کی مودی کو ہٹلر سے تشبیہہ
فلوریڈا: یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل نے بھی بھارتی وزیراعظم مودی کو ہٹلر سے تشبیہہ دے دی۔
یو پی آئی کے ایک مضمون میں کرنل ریٹائرڈ ویس مارٹین نے کہا کہ بھارت میں کورونا وبا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی، انہیں سڑکوں پر مارا گیا اور انہیں اسپتالوں میں علاج کی سہولت بھی نہیں دی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ فوج اورپولیس مسلمانوں کو احتجاج بھی نہیں کرنے دے رہی اور اس صورتحال میں دنیا چند الفاظ ادا کرنے کے سواکچھ نہیں کررہی۔
ویس مارٹین کا کہنا تھا کہ اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیرکا آئینی درجہ تبدیل کرکے یونین علاقہ بنایا گیا جو محاصرے کا نکتہ آغاز تھا۔
مضمون میں مزید کہا گیا کہ چیک و سلواکیہ پرہٹلر کے قبضے سے پہلے جرمنوں نے وہاں افراتفری پھیلائی تھی تاہم جیسا جرمنوں نے کیا وہی بھارتی اہلکار مقبوضہ کشمیر میں کررہے ہیں، یہی نہیں اس کے بعد دسمبر 2019 میں مودی نے بھارت میں مسلم آبادی سے شہریت کا حق بھی چھین لیا۔
یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل کے مطابق جیسے ہٹلر نے یہودیوں کے لیے کیمپ بنائے، مودی نے مسلمانوں کے لیے بھی بنادیے ہیں۔
ویس مارٹین نے اپنے مضمون میں مزید کہا کہ مودی نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش بھی ہٹلر کی سوچ کےتحت رد کی، وہ پاکستان سے تناؤ کم کرنے کے بجائے کشیدگی بڑھا رہے ہیں۔