بھکاری خاتون کی موت کے بعد گھر سے لاکھوں روپے برآمد
نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک کے منڈیا شہر میں بزرگ بھکاری خاتون کے انتقال کے بعد گھر سے ملنے والی خطیر رقم نے اہل علاقہ کو حیران کردیا۔
خاتون کی شناخت حور کے نام سے ہوئی، جو منڈیا شہر کے گٹالو لے آؤٹ میں رہائش پذیر تھی اور کئی برسوں سے ایک مقامی مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگ کر گزر بسر کررہی تھی۔
حور لوگوں سے اکثر یہ شکوہ کرتی تھی کہ اس کے گھر والے اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کرتے اسی لیے اسے اپنا خرچ چلانے کے لیے لوگوں سے مدد مانگنا پڑتی ہے۔
خاتون کے انتقال کے بعد جب اس کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں نوٹوں اور سکوں سے بھری بوریاں دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔
گننے پر 30 لاکھ بھارتی روپے سے زائد رقم سامنے آئی جو پاکستانی روپوں میں 87 لاکھ سے زائد بنتی ہے جب کہ مقامی افراد کے مطابق مجموعی رقم 30 سے 40 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان ہوسکتی ہے۔
برسوں تک مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگنے والی خاتون کے پاس اتنی بڑی رقم موجود ہونے کا انکشاف علاقے میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
خاتون نے یہ رقم کب اور کیسے جمع کی، اس حوالے سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں، تاہم واقعے نے مقامی لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔