میر رضا علی کا ڈی این اے والدین سے میچ کرگیا
کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والے نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، میر رضا کا ڈی این اے والدین سے میچ کرگیا ہے۔
اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کی کیمیکل لیبارٹری کی کیمیائی رپورٹ متعلقہ ادارے کو جاری کردی گئی ہے۔ اس رپورٹ کا ڈی این اے لیبارٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ کا کیمیکل جانچ مکمل ہوگیا ہے، جانچ کے دوران شرٹ پر نمک کے تیزاب کے شواہد مل گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے خون کے نمونے میں بے ہوشی کی دوا کے اجزاء بھی پائے گئے ہیں۔ میر رضا کی شرٹ پر گن شارٹ ریزیڈیو ( جی ایس آر) کمر پر پایا گیا، جی ایس آر کی کمر کی جانب زیادہ مقدار میں موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ گولی کمر کی جانب سے لگی۔
دوسری جانب میر رضا کیس کی تفتیشی ٹیم میں مزید دو ارکان کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی سراج الدین اور انسپکٹر محمد علی تفتیشی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ 2 ارکان کے اضافے کے بعد تفتیشی ٹیم 7 رکنی ہوگئی ہے۔
ادھر میر رضا کیس کے سابق تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیس کا سابق تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا۔
سابق تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اعلیٰ حکام نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا ہے، نئے تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔
عدالت نے سابق تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے 15 اگست تک رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔