پاکستان کی مس ورلڈ مقابلے میں پہلی بار انٹری، انیقہ جمال نے تاریخ رقم کردی
لاہور: پاکستان نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار عالمی شہرت یافتہ مس ورلڈ 2026 مقابلے میں باضابطہ شرکت کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ یہ بین الاقوامی مقابلے کی 73 سالہ تاریخ میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے۔
مس ورلڈ پاکستان 2026 کا تاریخی اعزاز 24 سالہ انیقہ جمال اقبال کے نام رہا، جو اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹنگ میں ماسٹرز کی طالبہ ہیں اور پاکستان کی نمایاں بین الاقوامی بیوٹی کوئنز میں شمار کی جاتی ہیں۔

تاج پوشی کی تقریب لاہور کے تاریخی فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں ڈاکٹر شفق اختر، مس پاکستان یونیورسل 2022، نے انیقہ جمال اقبال کو تاج پہنایا۔ اس موقع پر عطاء اللہ گجر (مسٹر پاکستان ورلڈ) بھی موجود تھے۔
انیقہ جمال اقبال بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ اس سے قبل مس ارتھ، مس گلوبل، مس کاسمو، مس ایکو انٹرنیشنل، مس آورا انٹرنیشنل سمیت متعدد عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کوسووو میں منعقدہ فریڈم آف دی ورلڈ مقابلے میں چار مختلف اعزازات بھی اپنے نام کیے، جس کے باعث وہ پاکستان کی کامیاب ترین بین الاقوامی پیجینٹ نمائندوں میں شمار ہوتی ہیں۔

اسٹیج سے باہر بھی انیقہ جمال اقبال سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ مس ورلڈ کے "بیوٹی وِد اے پرپز” پروگرام کے تحت ان کی مہم پاکستان میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کی معاونت پر مرکوز ہے۔ وہ سندس فاؤنڈیشن، نور فاؤنڈیشن اور رینل کیئر فاؤنڈیشن لاہور کے ساتھ رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہیں اور ایسے مریضوں کی مدد کے لیے سرگرم ہیں جنہیں مسلسل طبی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔
مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن کا قیام 2002 میں ایک واضح مقصد کے تحت عمل میں آیا تھا کہ ایک دن پاکستان کی سرکاری نمائندہ کو مس ورلڈ مقابلے میں بھیجا جائے۔ ادارے کا نام بھی اسی خواب کی عکاسی کرتا تھا اور اب 25 برس کی مسلسل محنت اور عزم کے بعد یہ خواب حقیقت میں بدل گیا ہے۔
مس ورلڈ مقابلے کے آغاز کے 73 سال بعد پاکستان کی پہلی شرکت 2026 کو ملکی پیجینٹ کی تاریخ کا ایک یادگار سال بنارہی ہے۔ یہ کامیابی سونیا احمد اور مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن کی پچیس سالہ مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے پاکستان میں منعقدہ قومی مقابلے کے ذریعے ملک کو دنیا کے معتبر ترین بیوٹی پیجینٹس میں سے ایک، مس ورلڈ، تک پہنچانے کا اعزاز حاصل کیا۔