آٹھ وکٹیں لینے والے عباس دوسرے ٹیسٹ میں پلیئنگ الیون سے باہر

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ایک ایسا فیصلہ کیا، جس نے شائقین اور ماہرینِ کرکٹ کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہونے والے محمد عباس کو پلیئنگ الیون سے باہر کردیا گیا۔
محمد عباس نے تاروبا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں، جن میں ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کی بہترین کارکردگی بھی شامل تھی۔
تاہم اس میچ میں بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کے سبب قومی ٹیم کو 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سیریز کے دوسرے اور فیصلہ کُن میچ کے لیے ٹیم انتظامیہ نے عباس کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو ٹیسٹ ڈیبیو کروادیا۔
کپتان بابراعظم نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پچ کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے چار تبدیلیاں کیں اور عباس کو بھی انہی حالات کی بنیاد پر آرام دیا گیا۔
تاہم ماہرین اور شائقین کی جانب سے یہ فیصلہ غیر معمولی قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ دیکھی جائے تو 1980 کے بعد یہ پہلا موقع ہے، جب کسی بولر کو ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کے فوراً بعد اگلے میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہو۔
اس سے قبل 1979-80 میں بھارت کے دورے پر احتشام الدین نے ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم عمران خان کی جگہ بنانے کے لیے انہیں اگلے میچ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
محمد عباس کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے عبید شاہ صرف 9 اوورز میں 56 رنز دے کر مہنگے بولر ثابت ہوئے، جس سے اس فیصلے پر مزید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔