کامن ویلتھ گیمز: جیولن تھرو فائنل میں ارشد ندیم ناکام، گولڈ میڈل سری لنکا کے نام
گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز کے جیولن تھرو مقابلے کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے اور سونے کا تمغہ سری لنکن جیولن تھرور کے نام رہا۔
گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم بہترین کارکردگی نہ دکھاسکے۔
فائنل میں ارشد ندیم کی پہلی تھرو ضائع ہوئی، دوسری تھرو 77.41 میٹر اور تیسری تھرو 75.39 میٹر رہی۔ فائنل میں ارشد ندیم 12 ایتھلیٹس میں 9 ویں نمبر پر آئے۔
سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ انہوں نے 89.75 کی بہترین تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔
بھارت کے نیرج چوپڑا کی دوسری اور بھارت کے ہی یش ویر سنگھ کی تیسری پوزیشن رہی۔ نیرج چوپڑا کی بہترین تھرو 85.83 میٹر رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم سمیت جیولن تھرو کے فائنل میں 12ایتھلیٹس شریک ہوئے۔ دفاعی چیمپئن ارشد ندیم اپنے طلائی تمغے کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے تھے۔
ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 78.63 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔