پاک چین دوستی بدلتے چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے، فیلڈ مارشل
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99 ویں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور چینی سفارت خانے کے حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو99 ویں یومِ تاسیس پر مبارک باد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے، پاک چین دوستی بدلتے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا پاک فوج اور پی ایل اے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اظہار تشکر کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور دو طرفہ اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ بھی کیا۔