پٹرول لاگت سے 125 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 112 روپے مہنگا
اسلام آباد: ملک میں پٹرول لاگت سے 125 روپے 42 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 112 روپے 54 پیسے مہنگا ہے۔
پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں شامل لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک لیٹر پٹرول پر مجموعی طور پر 125 روپے 95 پیسے جب کہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 112 روپے 54 پیسے لیوی، ٹیکس اور مارجنز وصول کیے جارہے ہیں۔
دستاویزات کےمطابق ایک لیٹر پٹرول کی بنیادی لاگت 209 روپے 76 پیسے بنتی ہے، تاہم حکومت نے فی لیٹر قیمت 335 روپے 18 پیسے مقرر کی ہے، پٹرول پر 80 روپے پٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 17 روپے 28 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 7 روپے 16 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔
اسی طرح فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 270 روپے 92 پیسے ہے جب کہ حکومت نے اس کی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی ہے۔
دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی طور پر 112 روپے 54 پیسے کی لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز وصول کیے جارہے ہیں، ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر پٹرولیم لیوی 70 روپے 82 پیسے اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی 5 روپے کے حساب سے عائد ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر میں 15 روپے 68 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 4 روپے 53پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔