پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بڑا اضافہ، قیمتوں کا تعین روزانہ ہوگا

اسلام آباد: حکومت نے 3 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پٹرول کی قیمت میں بھی 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہوگیا جو 20 جولائی تک نافذ رہے گا۔
یاد رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث ایک بار پھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہر جگہ توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔
علی پرویز نے کہا حکومت پٹرولیم مصنوعات کو ڈی ریگولیشن کی طرف لے جارہی ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی، اوگرا روزانہ کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔