ایس آئی ایف سی کی فاسٹ ٹریک پالیسی، سیمنٹ سیکٹر میں تاریخی سرمایہ کاری
کراچی: پاکستان میں صنعتی ترقی اور اصلاحاتی عمل میں ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں لارہا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی فاسٹ ٹریک پالیسی کے تحت 7 نئے سیمنٹ پلانٹس کے لیے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی، ریگولیٹری رکاوٹوں کے خاتمے کے بعد فلیئنگ سیمنٹ اور لکی سیمنٹ سمیت 7 کمپنیوں کے منصوبوں کو پیش رفت ملی۔
اسی سہولت کاری کے نتیجے میں لکی سیمنٹ نے کراچی پلانٹ کی اپ گریڈیشن مکمل کی اور پیداواری صلاحیت بڑھادی، کراچی پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت 3 لاکھ ٹن بڑھ کر 5.35 ملین ٹن ہوگئی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس اپ گریڈیشن سے فیول ایفیشنسی بہتر اور کوئلے کے استعمال میں کمی متوقع ہے، اس توسیع کے بعد لکی سیمنٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 15.6 ملین ٹن سالانہ ہوگئی ہے، لکی سیمنٹ پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ پروڈیوسر کمپنی کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کررہی ہے۔
ان منصوبوں سے طویل المدتی مؤثر، پائیدار اور جدید صنعتی عمل کے ذریعے ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، پاکستان میں صنعتی ترقی اور اپ گریڈیشن کا یہ عمل ایس آئی ایف سی کے مؤثر اور اصلاحاتی اقدامات کی واضح عکاسی ہے۔