پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 1 روپے 97 پیسے کمی
اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے 97 پیسے کی کمی کردی۔
وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے 4 جولائی 2026 سے اگلے ایک ہفتے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 97 پیسے کم کردیے گئے ہیں، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر تھی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر ایک روپے 97 پیسے کی کمی کردی گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر سے کم کرکے 309 روپے 50 پیسے کردی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی نہیں کی تھی اور فی لیٹر قیمت بالترتیب 299 روپے 50 پیسے اور 311 روپے 47 پیسے برقرار رکھی تھی۔