آن لائن حج پورٹل: ڈیڑھ لاکھ رجسٹریشن کا سنگ میل عبور

اسلام آباد: آن لائن حج پورٹل نے مختصر عرصے میں ڈیڑھ لاکھ رجسٹریشن کا سنگ میل عبور کرلیا، جسے حج انتظامات کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت حج کے خواہش مند افراد ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے آسانی سے حج واجبات جمع کرا سکیں گے، جس سے بینکوں میں جانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک پورا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا، جس کا مقصد شفافیت، سہولت اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی بھی اس پورٹل کے ذریعے دنیا کے کسی بھی ملک سے گھر بیٹھے حج رجسٹریشن کروا سکیں گے اور آن لائن ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو زیادہ آسان، محفوظ اور مؤثر خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے حج درخواست اور ادائیگی کا پورا عمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہل اور شفاف ہو جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔