حکومت کا چھوٹے دکانداروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم کا اعلان
اسلام آباد: حکومت نے چھوٹے دکان داروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کی مشاورت اور مطالبے کے ساتھ اسکیم لائی جارہی ہے، ٹیکس دہندگان ٹیکس میں آسانی چاہتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا، جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ یا اس سے کم ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایک صفحے کا فارم ہے جس پر دکاندار اپنے مال کی فروخت درج کریں گے، دکاندار کو کم از کم 25 ہزار روپے نقد جمع کرانا ہوں گے، اگر دکاندار کے ٹرن اوور کی مقدار زیادہ ہوگی تو اس حساب سے ایک فیصد ٹیکس ہوگا، ایک فیصد اس میں فکس ٹیکس ہوگا، ود ہولڈنگ ٹیکس اگر پہلے سے کٹا ہوا ہے تو وہ اس میں ایڈجسٹ ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے یہ بھی کہا کہ مشاورت اور انجمن تنظیم تاجران کے مطالبے پر حکومت یہ اسکیم لارہی ہے، جو بھی دکاندار اس اسکیم میں شامل ہونا چاہتا ہے وہ فارم بھرے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا، جو دکاندار اس اسکیم میں آئے گا اسے ایف بی آر کی طرف سے ایک پلیٹ ملے گی، اس پلیٹ پر دکاندار کا نام، دکان کا نام اور دیگر تفصیلات ہوں گی، اس اسکیم میں نان فائلر اور فائلر دکاندار بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے ٹیکس کی ادائیگی کم از کم پچھلے سال جتنی ہونی چاہیے، جو بھی دکاندار اس اسکیم میں آئیں گے انہیں پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سے استثنیٰ مل جائے گا۔