مومنہ اقبال کی مہندی کے سوشل میڈیا پر چرچے، تصاویر وائرل

لاہور: ٹی وی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ حاصل کررہی ہیں اور ان کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز مداحوں کے درمیان تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ اداکارہ کے دلکش برائیڈل انداز اور خوشگوار لمحات نے مداحوں کی جانب سے خوب داد سمیٹی ہے۔
مومنہ اقبال نے اپنی مہندی کی تقریب کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ نہایت خوبصورت اور روایتی انداز میں نظر آئیں۔ تقریب کے لیے اداکارہ نے سنہری کتان سلک سے تیار کردہ دیدہ زیب لہنگے کا انتخاب کیا، جس پر نہایت نفیس ٹون آن ٹون کڑھائی کی گئی تھی۔ ان کے ساتھ دولہا حمزہ حبیب سیاہ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیے، جس پر سنہری کام کیا گیا تھا جب کہ دونوں نے رنگ برنگ کشیدہ کاری والی روایتی شال کے ساتھ تصاویر بنواکر تقریب کے حُسن کو مزید بڑھا دیا۔
تصاویر کے ساتھ مومنہ اقبال نے اپنے شوہر حمزہ حبیب کے نام ایک محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا۔ انہوں نے مختصر مگر جذباتی انداز میں ’’میرے حمزہ‘‘ لکھا، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا اور کمنٹس میں نیک خواہشات اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
مہندی کی تقریب میں مومنہ اقبال نے رسٹ رنگ کا خوبصورت لہنگا چولی زیب تن کیا، جس پر سنہری زردوزی اور ٹلہ ورک نے لباس کو خاص کشش بخشی۔ اس کے ساتھ جامنی رنگ کے خوبصورت دوپٹے نے ان کے برائیڈل لُک کو مزید نمایاں کیا۔ روایتی زیورات، ہاتھوں پر سجی مہندی اور سنہری چوڑیوں نے ان کی شخصیت میں دلکشی کا اضافہ کیا اور انہیں ایک روایتی پاکستانی دلہن کا منفرد روپ عطا کیا۔
خیال رہے کہ مومنہ اقبال گزشتہ دنوں اپنی شادی سے قبل ایک تنازع کے باعث بھی خبروں کی زینت بنی رہی تھیں، تاہم ان تمام حالات کے باوجود انہوں نے حمزہ حبیب کے ساتھ اپنی شادی کی تقریبات کا آغاز کیا اور اب ان کی شادی کی مختلف تقریبات خوش گوار ماحول میں جاری ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداح نہ صرف اس نو بیاہتا جوڑی کو مبارکباد دے رہے ہیں بلکہ مومنہ اقبال کے روایتی اور شاندار برائیڈل انداز کی بھی بھرپور تعریف کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔