شہدا اور غازی قوم کا فخر، ان کی قربانی ہر پاکستانی کیلئے مقدس امانت ہے، فیلڈ مارشل
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کے خاندانوں، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں 50 کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 12 کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، شہدا کے اہل خانہ نے اعزازات وصول کیے، شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانی ہر پاکستانی کے لئے ایک مقدس امانت ہے، مادر وطن میں امن و سلامتی ان کی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے پناہ لگن کی مرہون منت ہے۔
فیلڈ مارشل نے شہدا کے خاندانوں کی جانب سے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیر متزلزل وابستگی کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کی تعریف کی، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور غیر متزلزل عزم کو سراہا، فیلڈ مارشل نے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔