صنعتی صارفین کے لیے گیس سستی ہونے کا امکان
اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے گیس پر عائد لیوی میں کمی کی تجویز سے مشروط طور پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے گیس سستی ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے صنعتی صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں کمی کی تجویز سے اتفاق کے نتیجے میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی میں 30 سے 60 فیصد تک کمی متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف نے گیس لیوی کے نئے فارمولے سے بھی اتفاق کیا ہے، جو وزارت توانائی کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ اس نئے فارمولے کے تحت ٹیرف اب اوسط بنیاد پر مقرر کیا جائے گا جب کہ اس سے قبل لیوی کو پیک آورز سے منسلک کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیوی میں کمی کے ساتھ یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی طلب کم نہیں ہونی چاہیے اور اگر بجلی کی طلب میں کمی واقع ہوئی تو لیوی دوبارہ بڑھائی جاسکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گیس لیوی کا بنیادی مقصد صنعتوں کو گرڈ پر لانا ہے۔
واضح رہے کہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت کیپٹو پاور پلانٹس پر 1343 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو لیوی عائد ہے۔