ٹرمپ کا اسرائیل و لبنان کے درمیان جنگ بندی میں 3 ہفتے کی توسیع کا اعلان
واشنگٹن: اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا گیا۔
بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کردی گئی ہے۔
ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت اوول آفس میں اسرائیلی اور لبنانی حکام کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس ملاقات میں نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔ اپنے اعلان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔
صدر ٹرمپ نے لکھا کہ امریکا لبنان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس تاریخی ملاقات میں شریک ہونا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون کی میزبانی کے منتظر ہیں۔