وزیراعظم کی الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک وہیکلز (EV) کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورت حال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر EV گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی اور توانائی کے تحفظ کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔
وزیراعظم نے قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدن والے افراد کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنانے اور اس اسکیم کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں۔
بریفنگ کے مطابق الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشا بنانے کے لیے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اب تک 123 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
حکام کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جس سے اندازاً 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی اسکیم پر کام جاری ہے۔