پاک بحریہ کا اینٹی شپ ویپن کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
کراچی: پاک بحریہ نے اینٹی شپ ویپن سسٹم تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل کا تجربہ پاک بحریہ کی ٹھیک نشانے پر وار کرنے کی صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کا طاقتور مظاہرہ ہے، ایئر لانچڈ کروز میزائل نے اپنے مشن کو انتہائی درستی کے ساتھ مکمل کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے اس تجربے نے دشمن کے سمندری خطرات کا کھوج لگانے، نشانہ بنانے اور اسے ناکارہ بنانے کی پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کی توثیق کی ہے۔
پاک بحریہ کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافے کی علامت ہے، تجربے سے روایتی میدان میں مسلح افواج کی کثیرالجہتی اور مربوط ضرب لگانے کی قوت کو مزید تقویت ملی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاک بحریہ قوم کے بحری مفادات اور علاقائی پانیوں کی خودمختاری کے تحفظ کے لیےعزم پر قائم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارک باد پیش کی۔