سعودیہ سے مزید ایک ارب ڈالر موصول، اسٹیٹ بینک کی تصدیق
کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے، اس کی تصدیق اسٹیٹ بینک کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی دوسری قسط ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل 2 ارب ڈالر کی پہلی قسط 15 اپریل کو موصول ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 15 اپریل کو اسٹیٹ بینک نے بیان میں بتایا تھا کہ سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے 2 ارب ڈالر وصول ہونے کے ساتھ ہی مملکت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
بعدازاں سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ بھی رول اوور کردیے تھے، جس کے لیے اسٹیٹ بینک اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا، جس پر امریکا میں دستخط کیے گئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک اہم مالی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، جس میں امریکا میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ یہ تقریب عالمی بینک اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی تھی۔
اس سلسلے میں جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔