تھائی لینڈ میں واٹر فیسٹیول کے دوران 191 افراد جان کی بازی ہارگئے

بینکاک: تھائی لینڈ میں نئے تھائی سال کے موقع پر منائے جانے والے مشہور واٹر فیسٹیول کے دوران اموات میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صرف ابتدائی تین دنوں میں 191 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سال دنیا کی سب سے بڑی واٹر فائٹ کہلانے والا یہ تہوار خوشیوں کے بجائے حادثات، تیز رفتاری اور نشے میں ڈرائیونگ کے باعث ایک الم ناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 951 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 900 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پہلے ہی دن 51 افراد مختلف حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثات کی سب سے بڑی وجہ تیز رفتاری (قریباً 42 فیصد) اور اس کے بعد نشے میں ڈرائیونگ (27 فیصد سے زائد) بتائی گئی ہے۔
یہ تہوار نئے تھائی سال کے طور پر منایا جاتا ہے، جس میں لاکھوں افراد بڑے شہروں خصوصاً بینکاک سے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاکہ اہلِ خانہ کے ساتھ جشن مناسکیں۔ اس بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کے باعث سڑکوں پر رش بڑھ جاتا ہے اور حادثات میں اضافہ ہوتا ہے۔
حکام کے مطابق سات خطرناک دن کے نام سے مشہور اس دورانیے میں ہیلمٹ نہ پہننا، تیز رفتاری اور غیر ذمے دارانہ رویے بھی اموات کی بڑی وجوہ ہیں۔ دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سب سے زیادہ حادثات رپورٹ ہوئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔