کراچی میں کل موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی

کراچی: شہر قائد میں کل سے محکمہ موسمیات نے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر کے لیے جاری الرٹ میں کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ​آج سے 4 اپریل کے دوران کراچی، جام شورو، دادو، لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، مٹیاری، ​تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور دیگر مقامات میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ​کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی جب کہ جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ​کچھ مقامات پر درمیانی، چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، ​تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے بجلی کے کھمبے، سولر پینلز اور بل بورڈز سمیت کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔