کراچی میں آج دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بارش کے دوران تند و تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہے جب کہ شہر کے کچھ مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں جمعے کو موسم بیشتر وقت صاف اور تیز دھوپ رہ سکتی ہے، تاہم ہفتے کو حالیہ مغربی سسٹم کا ایک نیا اسپیل شہر میں بارشوں کا سبب بنے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر و ترجمان محکمۂ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے بارش کے نئے مغربی نظام کے اثرات کراچی سمیت دیہی سندھ پر 29 مارچ تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ کل کم سے کم درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔