پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کو 128 رنز سے ہرادیا

ڈھاکا: پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلادیش کو 128 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
بنگلادیش کے میرپور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت پر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں معاذ صداقت اور سلمان آغا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلادیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دیا تاہم بارش کی وجہ سے ہدف کو 243 اور اوورز 32 کردیے گئے۔
پاکستان کے معاذ صداقت 75 اور آغا سلمان 64 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
دوسری اننگز بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوئی تو ڈک ورتھ لوئس کے تحت میچ کو 50 کی جگہ 32 اوورز تک مختصر کردیا گیا جبکہ ہدف کو کم کر کے 243 کردیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور صرف 15 رنز پر ابتدائی تین کھلاڑی پویلین لوٹے، تاہم لٹن داس اور توحید نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 73 تک پہنچایا تو اس موقع پر لٹن داس معاذ صداقت کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3، 3 جب کہ شاہین آفریدی نے دو وکٹیں لیں، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور معاذ صداقت نے اوپپنگ کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے 103 رنز جوڑے، اس موقع پر نوجوان بیٹر معاذ 46 گیندوں پر 6 چوکوں پانچ چھکوں کی مدد سے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان 121 کے مجموعی اسکور پر صرف 31 رنز بناکر پویلین لوٹے، پھر محمد رضوان اور سلمان آغا نے ایک اور شاندار پارٹنرشپ قائم کرکے اسکور کو 231 تک پہنچایا تو سلمان آغا 64 اور محمد رضوان 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد پاکستان کا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم 47 اوور میں 274 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ بنگلادیش کی جانب سے راشد حسین تین اور مہدی حسن مرزا 2 کھلاڑیوں کا آؤٹ کرکے نمایاں بلے باز رہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔