بھارت خطے کے امن کے ساتھ کھیل رہا ہے، وزیر خارجہ
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی شرم ناک رسوائی ہوئی، بھارت متنازع علاقے میں فضائی پٹی بنانے کی کوشش کررہا ہے، پورے خطے کا امن داؤ پر لگا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سر زمین استعمال کرتا رہا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا، بھارت خطے کے امن کے ساتھ کھیل رہا ہے، بھارتی عوام بھی حکومتی پالیسیوں سے نا خوش ہے، بھارت متنازع علاقے میں فضائی پٹی بنانے کی کوشش کررہا ہے، بھارت اپنے اندرونی معاملات سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال کرتا رہا، بھارت کو ڈائیلاگ کا طریقہ اپنا کر معاملہ سلجھانا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈے کا سہارا لیتا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں محاذ آرائی کی کیفیت گرم کر رکھی ہے، بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دیتے، انڈیا خطے کے امن کے ساتھ کھیل رہا ہے، بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے، بھارت کا نیپال کے ساتھ رویہ بھی سب کے سامنے ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کسی سے پوشیدہ نہیں۔