ملکی کمزور پاور ٹرانسمیشن نظام صارفین کیلئے بجلی مہنگی کررہا ہے، نیپرا
اسلام آباد: نیپرا کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کمزور پاور ٹرانسمیشن نظام صارفین کے لیے بجلی مہنگی کررہا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 2024-25 کی ٹرانسمیشن پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹ میں انتباہ دیا ہے کہ اوورلوڈ گرڈ اسٹیشنز، تاخیر کا شکار منصوبے اور ناقص رابطہ کاری ملک کو مہنگی بجلی پیدا کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔ کے الیکٹرک کے این ٹی ڈی سی سے کمزور روابط سستی قومی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔
ریگولیٹر کے مطابق قومی گرڈ کی کمزوریاں اکنامک میرٹ آرڈر کے اصول کو متاثر کررہی ہیں، جس کے تحت پہلے سستی بجلی کو نظام میں شامل کیا جانا چاہیے، لیکن اس کے برعکس مہنگے پاور پلانٹس چلانے پڑرہے ہیں، اس نااہلی کا براہِ راست اثر گھریلو اور صنعتی صارفین کے بجلی کے بلوں پر پڑرہا ہے۔
نیپرا نے نشان دہی کی کہ متعدد گرڈ اسٹیشنز اور پاور ٹرانسفارمرز اپنی گنجائش کے 80 فیصد سے زائد بوجھ پر چل رہے ہیں، جس سے وولٹیج میں عدم استحکام، آلات کو نقصان اور ممکنہ بریک ڈاؤن کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔