ملکی قرضہ جی ڈی پی کے 74 فیصد سے کم ہوکر 70 فیصد پر آگیا، وزیر خزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 74 سے کم ہوکر 70 فیصد پر آگیا، حکومتی قرضوں کی مدت بڑھاکر ادائیگی کا دباؤ کم کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر ِخزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی العُلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورت حال پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلند عالمی قرضے ترقی پذیر ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں، پاکستان نے معاشی استحکام کے لیے سخت مگر ضروری اصلاحات کی ہیں جس کے سبب پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 74 سے کم ہوکر 70 فیصد پر آگیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی قرضوں کی مدت بڑھاکر ادائیگی کا دباؤ کم کیا گیا ہے اور بیرونی قرضے جی ڈی پی کے تناسب سے مستحکم رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ قرضوں پر سود کی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے، پاکستان میں قرضوں کی پائیداری کا شفاف نظام نافذ کیا گیا ہے جب کہ اصلاحات کے باعث ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح قریباً 12 فیصد ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گرین سکوک اور پائیدار فنانسنگ فریم ورک متعارف کرایا ہے۔ قرضوں کے مسائل کا حل بروقت اقدامات، شفافیت اورم ضبوط پالیسیوں میں ہے۔