بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست مسترد

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست مسترد کردی۔
ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی عمران خان کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا عمران خان انڈر ٹرائل قیدی نہیں ہیں، 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی ضمانت پر ہیں، بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو کیس میں انڈر ٹرائل ملزم ہیں قیدی نہیں ہیں۔
سرکاری وکیل ظہیر شاہ نے کہا کہ کرمنل کورٹ کے پاس اختیار نہیں ضمانت پر کسی ملزم کی کسٹڈی کو ریگولیٹ کرے، یہ کوئی آئینی عدالت نہیں، کرمنل کورٹ ہے، کسی بھی قیدی کے علاج معالجے کیلئے حکومت ڈاکٹرز کا تعین کرتی ہے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پاکستان پریزن رولز میں پرائیویٹ ڈاکٹرز سے علاج کرانے کا کوئی ذکر نہیں ہے، کسی بھی قیدی کیلئے ذاتی معالج کا پریزن رولز میں کوئی رول نہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی تک ذاتی معالجین کی رسائی کی درخواست خارج کر دی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔