روس میں آسمان پر چار چاند کا انوکھا نظارہ، عوام ششدر رہ گئے
ماسکو: روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں رات کے آسمان پر چار چاند چمکتے دیکھ کر مقامی افراد لوگ اُس وقت حیران و ششدر رہ گئے۔ یہ نایاب منظر اتوار کی رات دیکھا گیا، جس کے بعد اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے لگیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے چاند نے خود کو کئی حصوں میں تقسیم کرلیا ہو، کیونکہ اس کے گرد روشن اور چمکتی ہوئی شکلیں نمودار ہورہی تھیں۔ آسمان کے نظاروں کے شوقین افراد یہ غیر معمولی اور دلکش منظر دیکھ کر رک گئے اور دیر تک آسمان کی طرف دیکھتے رہے۔
یہ حیرت انگیز منظر دراصل ایک قدرتی مظہر ہے جسے پیرسیلینی (Paraselenae) کہا جاتا ہے، جسے عام زبان میں مون ڈاگ یا نقلی چاند بھی کہتے ہیں۔ یہ کوئی خلائی واقعہ نہیں بلکہ موسم سے جڑا ایک optical illusion ہے۔
یہ منظر اُس وقت بنتا ہے جب چاندنی، آسمان میں موجود نہایت باریک اور اونچائی پر پھیلے بادلوں سے گزرتی ہے جو برف کے ننھے ننھے ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں۔
یہ بادل، جنہیں سیروس یا سیرو اسٹریٹس کہا جاتا ہے، چپٹے اور 6 کونوں والے برفانی ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ جب چاندنی ان ذرات سے مڑتی ہے تو چاند کے دونوں جانب روشن دھبے بن جاتے ہیں، جو یوں محسوس ہوتے ہیں جیسے آسمان پر ایک نہیں بلکہ کئی چاند جگمگا رہے ہوں۔