نیند سے اُٹھنے پر بستر میں اژدھا دیکھ کر خاتون کے ہوش اُڑ گئے

برسبین: آسٹریلیا کے شہر برسبین میں خاتون اس وقت شدید حیرت اور خوف کا شکار ہوگئیں جب وہ نیند سے جاگیں تو ان کے بستر پر ڈھائی میٹر لمبا کارپٹ پائتھن (اژدھا) موجود تھا۔
ریچل بلور کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ ان کے پیٹ اور سینے پر پڑا وزن ان کے پالتو کتے کا ہے۔ انہوں نے جب کمبل پر ہاتھ رکھا تو نیچے موجود چیز حرکت کرنے لگی۔ ریچل نے میڈیا کو بتایا کہ اسی لمحے انہیں احساس ہوا کہ یہ کوئی جانور نہیں بلکہ سانپ ہے۔
خاتون نے فوراً اپنے شوہر کو جگایا اور لائٹس جلانے کو کہا۔ روشنی ہوتے ہی شوہر نے بستر پر موجود دیوہیکل اژدھے کو دیکھا اور فوراً خبردار کیا کہ حرکت مت کرنا کیونکہ تمہارے اوپر قریباً ڈھائی میٹر لمبا سانپ موجود ہے۔
شوہر نے پہلے گھر کے پالتو کتوں کو کمرے سے باہر نکالا تاکہ وہ محفوظ رہیں، جبکہ ریچل کو خود سانپ کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے کمرے سے شوہر نے انہیں ہدایت دی کہ آہستہ آہستہ کمبل کے نیچے سے باہر نکلیں۔
ریچل بلور نے نہایت احتیاط سے پہلو بدلتے ہوئے خود کو بستر سے نکالا اور پھر سانپ کو کھڑکی کے راستے واپس باہر جانے میں مدد دی۔
ریچل نے خیال ظاہر کیا کہ سانپ دوسری منزل تک دیوار سے چڑھا، کھڑکی کا شٹر دھکیلا اور پھر سیدھا بستر پر آکر لیٹ گیا۔
دلچسپ بات کہ ریچل کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ خوف زدہ نہیں ہوئیں کیونکہ وہ دیہی علاقے میں پلی بڑھی ہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ سانپ تھا، مینڈک نہیں، کیونکہ مینڈک انہیں زیادہ ڈراتے ہیں۔
واقعے کے بعد اہلِ خانہ مکمل طور پر محفوظ رہے، تاہم یہ ان کی زندگی کا سب سے عجیب اور ناقابلِ یقین تجربہ بن گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔