نصف صدی بعد کراچی میں پھر ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز
کراچی: شہر قائد میں قریباً نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا پھر سے آغاز ہوگیا۔ آج سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں رواں دواں ہیں، جس سے کراچی کے شہریوں کی پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح کردیا، جو آزمائشی طور پر ملیر سے شاہراہ فیصل تک چلائی گئی ہیں۔ اس موقع پر حکام کی جانب سے وزرا کو بسوں کی خصوصیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہم نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا اور کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہوگیا ہے۔ 2026 میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی پہلے سے زیادہ سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نئے سال میں ہر سڑک پر ڈبل ڈیکر بسیں ہوں گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کو سفر کے لیے ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ پیپلز بس میں روزانہ ایک لاکھ مسافر سفر کررہے ہیں۔ سندھ کے ہر ضلع میں بس سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں انڈسٹریل ایریا کی سڑکوں کے لیے 9 ارب روپے دیں گے۔ شاہراہ بھٹو سندھ حکومت کا ایک عظیم منصوبہ ہے۔
انہوں نے پاکستانی قوم کو نئے سال کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن اور گرین لائن کے ذریعے بڑی تعداد میں کراچی کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کرے گی۔
خیال رہے کہ ڈبل ڈیکر بسوں سے کراچی کی تاریخ کا گہرا تعلق رہا ہے۔ ماضی میں 1960 اور 1970 کی دہائی میں یہ بسیں شہر کی پہچان سمجھی جاتی تھیں جو صدر، بندر روڈ، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر چلتی تھیں۔ ان بسوں کی اوپری منزل پر بیٹھ کر سفر کرنا شہریوں کے لیے ایک خوش گوار تجربہ سمجھا جاتا تھا، خاص طور پر طلبہ اور نوجوانوں میں یہ بسیں خاصی مقبول تھیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی آبادی، ٹریفک کے دباؤ اور دیکھ بھال کے مسائل کے باعث ڈبل ڈیکر بسیں آہستہ آہستہ سڑکوں سے غائب ہو گئیں۔ بعد ازاں منی بسوں اور کوچز نے ان کی جگہ لے لی، تاہم عوامی سطح پر ڈبل ڈیکر بسوں کی واپسی کی خواہش ہمیشہ موجود رہی۔
حالیہ آزمائشی سروس کو اسی تاریخی پس منظر کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو مستقبل میں جدید سہولتوں سے آراستہ مزید ڈبل ڈیکر بسیں شہر کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔