لازوال عشق: عائشہ عمر کا متنازع رئیلٹی شو یوٹیوب سے ہٹادیا گیا
کراچی: لڑکے، لڑکیوں کو جیون ساتھی کے انتخاب کا موقع دینے والا متنازع رئیلٹی شو لازوال عشق اب پاکستان میں یوٹیوب پر دستیاب نہیں رہا۔
اس شو کا فارمیٹ اپنے آغاز سے پہلے ہی متنازع رہا ہے۔ یوٹیوب پر نشر ہونے کے بعد اس شو پر تنقید میں مزید اضافہ ہوا تھا۔
عائشہ عمر کی میزبانی میں پیش کیے جانے والے اس رئیلٹی شو کو اسلامی اقدار اور پاکستانی ثقافت کے منافی قرار دیا جارہا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس شو کو یوٹیوب سے ہٹانے کے لیے باقاعدہ مہم چلائی تھی اور اب اسے پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹادیا گیا۔
رئیلٹی شو کی انتظامیہ نے اپنے انسٹاگرام پیج پر بتایا کہ کچھ سیاسی وجوہ کی بنا پر ہمارا پروگرام پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکتا۔
خیال رہے کہ لازوال عشق میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں جو استنبول کے ایک بنگلے میں جیون ساتھی کے انتخاب کے لیے قیام کرتے ہیں۔
یہ شو بین الاقوامی رئیلٹی ڈیٹنگ شو لو آئی لینڈ کے طرز پر بنایا گیا ہے اور ترکی کے رئیلٹی شو آشک آداسی سے متاثر لگتا ہے۔
شو کی مجموعی 100 اقساط میں سے 50 اقساط نشر ہوچکی تھیں، لیکن اب اچانک پاکستان میں یوٹیوب پر یہ اقساط ہٹادی گئیں، تاہم مختصر کلپس اب بھی دستیاب ہیں۔
اے ایف پی نے لازوال عشق کو پاکستان کے ناظرین کے لیے ہٹانے پر یوٹیوب انتظامیہ کا مؤقف لینے کی کوشش کی، لیکن فوری کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دھیان رہے کہ ٹریلر کے جاری ہونے پر ہی عائشہ عمر کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین نے اس شو کو فحش اور غیر اخلاقی مواد قرار دیا۔
جس پر عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی شو نہیں بلکہ ایک ترک پروڈکشن ہے تاہم پاکستان کے لوگ اسے دیکھ سکتے ہیں۔
قبل ازیں پیمرا نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس شو کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں، تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
پیمرا نے درخواست گزاروں کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا، جو آن لائن مواد کی نگرانی کرتی ہے۔
لازوال عشق کے پاکستان میں یوٹیوب پر بند ہونے سے متعلق پی ٹی اے سے موقف جاننے کی کوشش کا بھی تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان میں یوٹیوب سے کوئی پروگرام ہٹایا گیا ہو۔ گزشتہ برس ڈرامے برزخ کو ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کے الزام پر ہٹا دیا گیا تھا۔