صدر علوی کی ماسک اور ٹوپی پہن کر رس ملائی کی خریداری
اسلام آباد: صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد کی مقامی مٹھائی کی دکان میں ٹوپی اور ماسک پہنے رس ملائی لینے پہنچے جب کہ صدر مملکت سماجی فاصلے کی پاسداری اور اپنی باری کے انتظار میں آدھا گھنٹہ قطار میں لگے رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عارف علوی کے بیٹے عواب علوی کا کہنا تھا کہ اْن کے والد جمعے کو بغیر کسی پروٹوکول کے رس ملائی لینے پہنچے تھے، جہاں انہیں عام شہری سمجھا گیا اور آس پاس کے لوگ پہچاننے سے قاصر رہے۔
بعد ازاں مقامی مٹھائی کی دکان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ماسک میں چہرہ چھپائے ڈاکٹر عارف علوی رس ملائی کے لیے دکان میں داخل ہوتے ہیں اور لائن میں لگ جاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ باری آنے پر آرڈر دیتے ہیں اور پیچھے جاکر ایک فاصلے پر کھڑے ہوجاتے ہیں تاکہ سیلزمین باقی گاہکوں کو ڈیل کر سکیں اور پھر اپنا سامان لے کر واپسی کی راہ لیتے ہیں۔