کراچی کی ٹوٹی سڑکیں اور ناقص انفرا اسٹرکچر، بشریٰ انصاری برس پڑیں
کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کراچی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر برس پڑیں، اُنہوں نے شہر کے ذمے داران سے سوال کیا کہ اگر وہ خود کراچی کے باسی ہیں تو کیا انہیں اپنے شہر سے محبت نہیں؟
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ کراچی میں گندگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ناقص انفرا اسٹرکچر اور ناکارہ صفائی کا نظام انتہائی تشویش ناک حد تک بگڑ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو روزگار دیتا ہے، لیکن دہائیوں سے اس کی بہتری کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ نہیں بنا رہیں، تاہم ذمے داران کی خاموشی اور عدم دلچسپی باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور شہر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کریں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ کراچی کے لوگ اب بھی پُرامید اور مہمان نواز ہیں مگر وقت آگیا ہے کہ صرف دعووں کے بجائے صفائی، انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور منظم شہری نظام کے لیے حقیقی قدم اٹھائے جائیں۔