جاپانی شہری کا لاٹری جیتنے کے بعد بیوی سے چُھپ کر پُرتعیش زندگی گزارنے کا انکشاف
ٹوکیو: 66 سالہ جاپانی شہری نے لاٹری سے 60 کروڑ ین (ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد) جیتنے کے بعد اپنی اہلیہ سے یہ رقم خفیہ رکھی اور خفیہ طور پر پُرتعیش زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص، جسے ایس کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، ٹوکیو میں اپنی بیوی کے ساتھ رہائش پذیر ہے اور دونوں کی مجموعی پنشن 3 لاکھ ین بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایس کی اہلیہ نہایت کفایت شعار تھیں اور شادی کے بعد انہوں نے شوہر کو باہر کھانا، غیر ضروری خرچ اور مہنگی چیزوں سے سختی سے روکے رکھا۔ اسی وجہ سے ایس نے لاٹری جیتنے کی اصل رقم بتانے کے بجائے صرف 50 لاکھ ین کا ذکر کیا اور باقی رقم خفیہ رکھ لی۔
ایس نے اعتراف کیا کہ لاٹری جیتنا اس کے لیے حیران کن تھا اور وہ کچھ وقت تک خوف زدہ بھی رہا۔ بعدازاں اس نے خفیہ طور پر ایک لگژری گاڑی خریدی، مختلف ریزورٹس میں قیام کیا اور جاپان بھر کا سفر کرتے ہوئے 6 ماہ میں ایک کروڑ 80 لاکھ ین خرچ کیے۔ شک سے بچنے کے لیے وہ روزانہ نئی گاڑی کو زیرِ زمین پارکنگ میں چھپادیتا اور پرانے کپڑے پہن کر گھر جاتا۔
پُرتعیش مگر خفیہ زندگی گزارنے کے باوجود اسے تنہائی، پچھتاوے اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہونے لگا۔ ایس نے بتایا کہ اگر یہ رقم اس نے محنت سے کمائی ہوتی تو وہ فخر محسوس کرتا مگر اچانک ملی دولت نے اس کی زندگی کو ہلا کر رکھ دیا۔
بعدازاں اس نے ایک ماہرِ نفسیات سے مشاورت کی اور 50 کروڑ ین کی انشورنس پالیسیاں اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام سے خرید کر خاندان کے مستقبل کے لیے مالی تحفظ یقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔