جاپان: بھالوؤں کو بھگانے کیلئے بھونکنے والے ڈرونز کی ڈیوٹی لگادی گئی

ٹوکیو: جاپان میں کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں بھالو، خاص طور پر پہاڑی یا دیہی علاقوں میں انسانی آبادی کے قریب آرہے اور انہیں دور رکھنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔
جاپان کے ضلع گِفو میں مقامی حکومت نے بھالو دیکھے جانے کی بڑھتی ہوئی رپورٹس کے باعث ڈرون پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں بھالو کی قدرتی خوراک کم ہورہی اور آبادی ہلکی ہونے کی وجہ سے بھالو انسانوں کے نزدیک آرہے ہیں۔
ڈرونز میں اسپیکرز لگائے گئے ہیں جن سے شکاری کتوں کی آواز چلائی جاتی ہے۔ یہ آواز بھالوؤں کو خوف زدہ کرتی ہے اور ان کو واپس جنگلوں کی جانب بھگانے میں مدد دیتی ہے۔ ساتھ ہی کچھ ڈرونز میں آتش بازی یا دھماکا خیز آلات بھی منسلک کیے گئے ہیں، تاکہ بھالو پر مزید ڈراؤنا اثر ہو اور وہ واپس چلے جائیں۔
یہ ڈرونز تیز ردِ عمل اقدامات کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں بھالو کے ٹھہرنے یا پھل توڑنے کی نشانیاں ملتی ہیں۔
گِفو ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس پائلٹ پروجیکٹ کو بڑھا کر دوسرے علاقوں میں بھی نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں بشرطیکہ یہ طریقہ مؤثر ثابت ہو۔ یہ ٹیکنالوجی لاکھوں افراد کی حفاظت کے لیے ایک غیر مہلک اور تکنیکی حل فراہم کرتی ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو پہاڑی دیہات میں رہتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔