پاکستان میں چینی کی فی کلو قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی
کراچی/ اسلام آباد: پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رُک نہ سکا، تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی، چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 229 روپے ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا اور فی کلو قیمت 210 روپے سے بڑھ کر 229 روپے تک ہوگئی۔
ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگی 229 روپے تک فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
پشاور میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک ہے، کراچی اور اسلام آباد میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 195 روپے تک ہے جب کہ پنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190 روپے تک ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 2 روپے ایک پیسے کمی ہوئی اور چینی کی اوسط فی کلو قیمت 185 روپے 47 پیسے پر آگئی۔
ادارۂ شماریات نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 187 روپے 48 پیسے تھی، ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132 روپے 24 پیسے تھی۔