کیڈٹ کالج وانا پر حملہ: تمام طلبہ اور اساتذہ بحفاظت ریسکیو
وانا: کیڈٹ کالج وانا پر حملے میں تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کیڈٹ کالج وانا کی صورت حال کے تازہ ترین ویڈیو مناظر سامنے آگئے اور سیکیورٹی فورسز نے کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بچوں کو ریسکیو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
سیکیورٹی نے بتایا کہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت قریباً 650 افراد موجود تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن نہایت احتیاط اور حکمتِ عملی سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان خوارج کی کالج میں موجودگی اور کیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن احتیاط سے کیا جارہا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے گا، آخری خوارج کو ہلاک کرنے تک سیکیورٹی آپریشن جاری رہے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، دھماکے سے کالج کا مرکزی گیٹ گرگیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے خوارجیوں کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے اور حملہ آور ٹیلی فون پر وہیں سے ہدایات لے رہے ہیں، خوارج ایک عمارت میں چھپے ہیں جو کیڈٹس کی رہائش سے بہت دُور ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے فوری کارروائی میں 2 خوارجیوں کو ہلاک کردیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فیصلہ کن کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔