آغا خان پنجم کی شکاگو میراتھون میں شرکت: یوم پیدائش پر طویل فاصلہ طے کرکے صحت مندی کا پیغام دیا

شکاگو: دنیا بھر میں اسماعیلی مسلم برادری کے روحانی پیشوا، امام شاہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم نے اتوار کو شکاگو میراتھون 2025 میں بھرپور شرکت کی اور 42.2 کلومیٹر (26.2 میل) طویل دوڑ کا فاصلہ قریباً پانچ گھنٹے سے کچھ کم وقت میں طے کیا۔ ان کی شمولیت اس لحاظ سے بھی غیرمعمولی تھی کہ یہ دن ان کی سالگرہ کا موقع بھی تھا، جسے انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی کا پیغام دے کر یادگار بنا دیا۔
شکاگو میراتھون دنیا کی 6 بڑی میراتھون دوڑوں (World Marathon Majors) میں شامل ہے، جو ہر سال اکتوبر میں شکاگو کے گرانٹ پارک سے شروع ہوتی ہے۔ یہ دوڑ شہر کے مختلف محلوں سے گزرتی ہے اور دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں ایتھلیٹس، شوقیہ دوڑنے والوں اور فلاحی اداروں کے حامیوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔
آغا خان پنجم نے دوڑ مکمل کرنے کے بعد اسماعیلی جماعت کے اُن اراکین کو خصوصی مبارک باد دی جو میراتھون میں شریک ہوئے۔ ساتھ ہی انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے راستے بھر اُن کی حوصلہ افزائی کی۔
اپنے حالیہ پیغامات میں امام نے برادری کو جسمانی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی تلقین کی ہے۔
آغا خان پنجم خود بھی ایک فعال طرزِ زندگی کو اپنائے ہوئے ہیں اور مختلف کھیلوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتے ہیں۔ وہ 2024 میں برلن میراتھون کا بھی حصہ رہے تھے اور انہیں خاص طور پر سر فنگ (skiing) اور لمبی دوڑوں میں گہری دلچسپی ہے۔
شکاگو میراتھون کے ذریعے ہر سال لاکھوں ڈالر کی رقم فلاحی مقاصد کے لیے جمع کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال اس دوڑ کے توسط سے 200 سے زائد فلاحی اداروں کے لیے 30 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی امداد اکٹھی کی گئی تھی۔ اس دوڑ میں ہزاروں رضاکار بھی شریک ہوتے ہیں جو انتظامات اور شرکاء کی رہنمائی میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
آغا خان پنجم کی شکاگو میراتھون میں شرکت نہ صرف ایک ذاتی کارنامہ تھی بلکہ اُن کی قیادت میں صحت مند زندگی، کمیونٹی شرکت اور باہمی حوصلہ افزائی کا عملی مظاہرہ بھی تھی۔ اُن کی یہ شرکت دُنیا بھر کے اسماعیلی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بن گئی ہے کہ روحانیت اور صحت مند طرزِ زندگی ساتھ چل سکتے ہیں۔