حصول علم کے شوقین 60 سالہ شخص نے یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا

بیجنگ: علم حاصل کرنے کا شوق رکھنے والے 60 سالہ چینی شہری نے یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا۔
مشرقی چین سے تعلق رکھنے والے وانگ وینسہینگ نے چین کے نیشنل کالج انٹرنس امتحان میں 2 بار اپنی قسمت آزمائی اور آخرکار اپنے خواب کی تعبیر پانے میں کامیاب ہوگئے۔
ان کی زندگی کا مقصد یہ ہے کہ وہ سیکھنے کا عمل اس وقت تک جاری رکھیں جب تک وہ زندہ ہیں۔
ماضی مییں ہیومن ریسورسز ورکر کے طور پر کام کرنے والے وانگ وینسہینگ کا تعلق چین کے صوبے Anhui کے علاقے Hefei سے ہے۔
انہوں نے اگست میں ایک مقامی ووکیشنل کالج میں داخلہ لیا۔
اب وہ آن لائن مارکیٹنگ اور لائیواسٹریمنگ ای کامرس کے موضوعات کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہائیوں قبل انہوں نے نیشنل کالج انٹرنس امتحان دیا تھا اور ناکام رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی یونیورسٹی کے کیمپس کے ماحول میں سیکھنے کا تجربہ ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے۔
جب انہیں داخلے کا خط موصول ہوا تو ان کی معمر والدہ نے مذاق میں کہا تھا کہ وہ کالج کی فیس ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔
وانگ وینسہینگ کے مطابق خاندان نے ان کے فیصلے کی مکمل حمایت کی اور وہ 3 سالہ ڈگری پروگرام کے لیے اپنی بچت اور اہلیہ کی تنخواہ کو استعمال کریں گے۔
ان کے بقول فیس کافی حد تک کم ہے تو ہمیں مالی دباؤ کا سامنا نہیں ہوگا۔
ستمبر میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ یونیورسٹی کے فوجی تربیت کے پروگرام میں حصہ لے رہے تھے۔
چین میں نئے طلبہ کو 2 ہفتوں کے فوجی تربیتی پروگرام کا حصہ بننا ہوتا ہے تاکہ جسمانی فٹنس بہتر ہوسکے اور لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی حوصلہ افزائی ہو۔
وانگ وینسہینگ جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند ہیں اور انہوں نے اس تربیت کو مکمل کیا۔
ان کے مطابق فوجی تربیت سے ان کی جسمانی اہلیت بہتر ہوئی ہے اور اب وہ اپنے کلاس کے ساتھیوں جتنی رفتار سے سیڑھیاں چڑھ سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کے ہوسٹل میں وہ جوان افراد کے ساتھ رہتے ہیں اور اکثر ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔