کراچی: جام گوٹھ ملیر میں شاہراہ بھٹو سیلابی ریلے میں بہہ گئی

کراچی: شہر قائد میں مسلسل اور شدید بارشوں نے معمولات زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ جام گوٹھ، ملیر کے مقام پر واقع شاہراہ بھٹو سیلابی پانی کے طاقتور ریلے کی نذر ہو گئی، جس کے باعث سڑک کا ایک بڑا حصہ بہہ گیا اور اس پر خطرناک شگاف پڑ گیا۔ سڑک کا بہہ جانا نہ صرف شہریوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملیر ندی میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ندی کے درمیان تعمیر کی گئی شاہراہ بھٹو سیلابی پانی کو روک نہ سکی اور پانی سڑک کو کاٹتا ہوا دوسری جانب نکل گیا۔
مقامی افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہراہ بھٹو کی تعمیر ندی کے اندر کی گئی ہے جس کی وجہ سے پانی کا قدرتی راستہ تنگ ہو گیا، اور یہی وجہ ہے کہ سیلابی ریلا اپنی تباہ کن شکل اختیار کر گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی متعلقہ اداروں کو اس خطرے سے آگاہ کیا تھا، مگر شنوائی نہ ہوئی۔
حکام نے علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی ہے اور امدادی ٹیمیں متاثرہ مقام پر پہنچ چکی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔