فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پنجاب کے سیلاب سے متاثر علاقوں کا دورہ

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثر علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت پر ریسکیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کی۔
آرمی چیف کو اس موقع پر موجودہ سیلابی صورت حال اور آئندہ بارشوں کے سلسلے میں تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور فوجی جوانوں و سول انتظامیہ کی مربوط اور انتھک کاوشوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے سیالکوٹ سیکٹر میں متاثرہ سکھ کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سیلاب کے دوران متاثرہ تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی ذمے داری ہے، پاکستان اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
سکھ برادری نے آرمی چیف کا پُرجوش خیرمقدم کیا اور سیلاب کے دوران سول انتظامیہ و فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کی بروقت اور فعال حکمتِ عملی کو سراہا، جس سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مشکل حالات میں عوام کی خدمت پر انہیں سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالا نے ان کا استقبال کیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔