چارلس گڈمن نے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا چارج سنبھال لیا

کراچی: چارلس گڈ من کراچی میں امریکی قونصل جنرل متعین کردیے گئے۔ اس حوالے سے امریکی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم چارلس گڈمن کو کراچی میں امریکی قونصل جنرل کے طور پر عہدہ سنبھالنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہ دراصل قونصل جنرل چارلس کی پاکستان میں واپسی ہے، کیوںکہ وہ اس سے قبل 2011 سے 2012 تک لاہور میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ سینئر فارن سروس کے کیریئر رکن ہیں اور حال ہی میں نیوزی لینڈ میں امریکی مشن کے مینجمنٹ کاؤنسلر کے طور پر تعینات تھے۔ ان کی سابقہ تعیناتیاں کوسووو، پیرو، لٹویا، جارجیا اور ارجنٹائن میں اہم عہدوں پر رہ چکی ہیں۔
2006 میں امریکی محکمہ خارجہ میں شامل ہونے سے پہلے قونصل جنرل چارلس نے 20 سال سے زائد نجی شعبے میں خدمات انجام دیں۔ وہ بین الاقوامی تجربے اور مضبوط انتظامی مہارت کے ساتھ کراچی میں اپنی نئی ذمے داری سنبھال رہے ہیں، جہاں ان کی توجہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گی۔