اداکارہ اریج فاطمہ کینسر کو شکست دے کر صحت یاب ہوگئیں

کراچی: ٹی وی کی مقبول اداکارہ اریج فاطمہ نے کینسر میں مبتلا ہوکر صحت یاب ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
اریج فاطمہ نے سوشل میڈیا پر اپنی چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی زندگی اچھی گزر رہی تھی اور وہ لمبی عمر کی توقع کررہی تھیں، لیکن اچانک انہیں کوریوکارسینوما نامی ایک نایاب اور تیزی سے پھیلنے والے کینسر کی تشخیص ہوئی، جو مولر پریگننسی کے بعد پیدا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے انتہائی مشکل تھے، کیونکہ وہ کینسر سے جنگ لڑرہی تھیں۔ وہ اس بیماری کے بارے میں کسی سے بات نہیں کرنا چاہتی تھیں، کیونکہ انہیں خوف تھا کہ لوگ ان کا مذاق اڑائیں گے۔
اریج کا کہنا تھا کہ ان کے دو بڑے خوف تھے: اللہ کے سامنے حساب دینا اور اب ان کے خاندان کا کیا ہوگا۔ اداکارہ نے کینسر سے متعلق آگاہی پر بات کرتے ہوئے سب کو مشورہ دیا کہ اپنے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کروائیں۔ اریج نے اس مہلک بیماری سے صحت یابی کے بعد اسے اپنی "دوسری زندگی” قرار دیا اور اپنے خاندان کے سپورٹ پر ان کا شکر ادا کیا۔
خیال رہے کہ اداکارہ اریج فاطمہ نے 2017 میں ڈاکٹر عزیر علی سے شادی کی اور اب ان کے دو بیٹے ہیں۔ اریج اپنے خاندان کے ساتھ امریکی ریاست اوہائیو میں رہائش پذیر ہیں۔ شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد اب اریج ایک ڈیجیٹل کریئیٹر اور انفلوئنسر ہیں۔
واضح رہے کہ اریج فاطمہ نے 2019 میں اپنے کامیاب ڈرامہ سیریل "حسد” کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ ان کے دیگر معروف ڈراموں میں "ایک پل”، "آپ کے لیے”، "عشق پرست” اور "ہم نشین” شامل ہیں تاہم اب وہ شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔