کراچی میں جنازے پر فائرنگ، سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق

کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں نامعلوم مسلح ملزم کی فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق جب کہ اُن کا بیٹا زخمی ہوگیا۔
فائرنگ کا واقعہ فیز 6 میں مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں مقتول اور بیٹے نے ایک نماز جنازہ میں شرکت کی۔ خواجہ شمس الاسلام اور بیٹے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
خواجہ شمس الاسلام کی حالت تشویش ناک بتائی گئی جب کہ بعد میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ مقتول کا بیٹا اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے تصدیق کی کہ ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہوگئے، ان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر جانبر نہ ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے مقتول کا بیٹا بھی زخمی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے ابتدائی کارروائی کی تفصیلات لیں۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم متحرک کی جائے، واقعے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔