ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان کا کردار، ایرانی قوم نے بہادری دکھائی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان نے انتہائی مؤثر کردار کیا اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے اوپر بہت محنت کی گئی اس پر وزیرخزانہ کا شکریہ اد اکرتا ہوں، نائب وزیر اعظم، حلیف جماعتوں کی بجٹ میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس حوالے سے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکرگزار ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی، ایران نے صدر آصف زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے بڑی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ایران نے اسرائیل کو اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا اور ایران نے کہا کہ بڑے باوقار طریقے سے جنگ بند ہوگی، پاکستان نے اس جنگ بندی میں انتہائی مؤثر کردار ادا کیا، میری سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر سے بھی بات ہوئی، سعودی عرب نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی صدر سے ملاقات کے بعد آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی استنبول میں ایرانی وزیرِخارجہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی اور صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔