پاکستان کا نوبل امن انعام کیلئے ٹرمپ کی نامزدگی کی سفارش کا فیصلہ

اسلام آباد: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کا حکومت پاکستان نے فیصلہ کرلیا۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی مداخلت سے پاکستان بھارت جنگ ٹل گئی، نوبل امن انعام 2026 کے لیے سفارش کا فیصلہ حالیہ پاک بھارت بحران میں صدر ٹرمپ کی فیصلہ کُن سفارتی مداخلت پر کیا گیا۔
حکومت پاکستان نے کہا کہ عالمی برادری نے بھارت کی بلااشتعال اور غیر قانونی جارحیت کو دیکھا، بھارتی جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی، بھارتی جارحیت سے خواتین، بچوں سمیت معصوم جانوں کا نقصان ہوا۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ اپنے دفاع کے بنیادی حق کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے آپریشن بُنیان مرصوص شروع کیا، آپریشن بُنیان مرصوص نپا تلا، پُرعزم فوجی ردعمل تھا، یہ طاقت کا توازن دوبارہ قائم کرنے اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے انجام دیا گیا۔
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی دور اندیش قیادت نے اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ سفارتی رابطے استوار کیے، صدر ٹرمپ کی حکمت عملی سے تیزی سے بگڑتی صورت حال پر قابو پایا جاسکا، حکومت پاکستان صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کی مخلصانہ پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
حکومت پاکستان کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے، مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل ہونے تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نہیں ہوگا۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ امید ہے صدر ٹرمپ علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، مشرق وسطیٰ کے بحران بشمول غزہ میں انسانی المیہ اور ایران میں بگڑتی کشیدگی کے خاتمے میں ٹرمپ اپنا کردار ادا کریں گے۔