عمران کا پھر پولی گراف اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا عدالتی حکم

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے 12 مقدمات میں ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ لاہور پولیس نے رپورٹ پیش کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی نے فوٹو گرامیٹک اور پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے 2 بار تحریری طور پر جب کہ ایک بار زبانی انکار کیا۔
ڈی ایس پی لیگل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی تفتیش میں تعاون نہیں کررہے، تفتیش آگے کیسے بڑھے گی؟ استدعا ہے کہ عدالت یہ ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا حکم دے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تاخیر سے فوٹو گرامیٹک اور پولی گراف ٹیسٹ کرانا کیس کو مزید التوا میں رکھنے کے مترادف ہے، لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت پولیس کی درخواست خارج کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کا پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے دونوں ٹیسٹ لے کر 9 مئی کو رپورٹ پیش کی جائے۔
دھیان رہے کہ گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی نے 3 بار لاہور پولیس کو پولی گراف ٹیسٹ دینے سے انکار کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔