دنیا سے کورونا کے خاتمے کا امکان نہیں، عالمی ادارۂ صحت

جنیوا: ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے کا امکان نہیں، اس لیے دنیا کو اس مہلک وائرس کے ساتھ ہی جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر برائے ہنگامی حالات مائیکل ریان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ کورونا کے دنیا سے ختم ہوجانے کا امکان ناپید ہوگیا ہے، اب ہمیں اس وائرس کے ساتھ ہی زندگی بسر کرنے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا اور آگہی و احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس کی ہلاکت خیزی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
مائیکل ریان نے کورونا کے پھیلاؤ کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا سے اب تک ایچ آئی وی کا خاتمہ نہیں ہوسکا اور اب ایک اور جان لیوا وبا کا سامنا ہے اور یہ بھی دنیا سے ختم ہوتا نظر نہیں آرہا۔ وائرس کو سنجیدگی سے لیا جائے اور لاک ڈاؤن میں نرمی میں جلد بازی نہ کی جائے۔
عالمی ادارۂ صحت کے شعبہ ہنگامی حالات کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے موثر اور کم قیمت ویکسین کی جلد از جلد تیاری کے لیے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوا کی دستیابی سے قبل حالات کا معمول پر آنا ناممکن نظر آتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔